لاہور (سپورٹس رپورٹر،کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سی سی ٹی وی کنٹرول روم اور عارضی ہسپتال کا معائنہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے گزشتہ برسوں میں ملک میں دہشت گردی کی لہر کی وجہ سے غیرملکی ٹیمیں پاکستان آنے سے انکار کرتی رہیں ، اب اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی ٹیمیں تسلسل کے ساتھ پاکستان آرہی ہیں۔دوسری طرف سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن عمران ملک نے سی سی پی او کو سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ ذوالفقارحمید نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کی آمد سے پہلے سکیورٹی پلان نافذالعمل ہو چکا ہے ۔ بنگلہ دیشی ٹیم کی ہوٹل سے سٹیڈیم روانگی، دوران میچ اور مہمان ٹیم کی ہوٹل واپسی تک پولیس ہائی الرٹ رہے گی۔ سٹیڈیم کے ارد گرد تمام علاقوں میں مسلسل سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ سی سی پی او نے کہا کہ میچ کی سکیورٹی کے لئے 17 ایس پیز، 48 ڈی ایس پیز، 134 انسپکٹرز سمیت 10 ہزار سے زائد جوان تعینات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی طرف سے شائقین کرکٹ کی پارکنگ اور متبادل روٹس پر مشتمل جامع پلان تیار کیا گیا ہے ۔