کوئٹہ (رپورٹ: خلیل احمد) پاکستان سے سعودی عرب عمرے پر جانے والے سینکڑوں افراد بمعہ اہل خانہ جدہ میں پھنس گئے ہیں۔ پی آئی اے نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وطن واپس لانے کیلئے 75 ہزار فی کس کرایہ طلب کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عمرے پر جانے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے فلائی دبئی کی پروازپر وطن واپس آنا تھا،سعودی حکام کے فلائی دبئی پر پابندی عائد کرنے کے باعث پرواز ان زائرین کو واپس نہیں لاسکی۔ عمرہ زائرین کے صورتحال سے اپنے ٹریول ایجنٹس کو مطلع کیا جس پر انہیں جدہ کے مختلف ہوٹلز میں ٹھہرانے کا انتظام کردیا گیا ہے ۔ موجودہ حالات میں صرف پی آئی اے اور سعودی ایئر لائنز ہی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطہ کا ذریعہ ہیں، اب قومی ایئر لائن نے وطن واپس لانے کیلئے فی کس 75 ہزار روپے کرایہ طلب کر لیا ہے جبکہ فلائی دبئی نے صرف 25 ہزار روپے فی مسافر ریفنڈ کئے ہیں۔ جدہ کے ہوٹل میں بمع اہل و اعیال پھنسے بلوچستان کے عبداستار اور عبدالخاق نے بتایا کہ وہ جدہ کے ہوٹل میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کے پاس کھانے تک کے پیسے نہیں، پی آئی اے کو فی کس 75 ہزارکہاں سے دیں؟ دوسری طرف وہ ٹریول ایجنٹس بھی پریشان ہیں جنہوں نے عمرہ پیکیج کے تحت سینکڑوں افراد کو عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب بھیجا تھا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ اور پی آئی اے ان کی بات ہی نہیں سن رہے ۔