لاہور(حافظ فیض احمد)چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے کی سیٹ کے حصول کیلئے ریلوے کے سینئر افسروں میں سرد جنگ جاری اور سر توڑ کوششوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ۔ریلوے کے شعبہ مکینیکل،سول انجینئرنگ اور ٹریفک کمرشل سے تعلق رکھنے والے افسروں نے حکومتی سطح پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا شروع کر دیا جبکہ نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے نام کا آج یاکل باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا جس کیلئے سمری حکومت کو بھجوائی جا چکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی ای او ریلویز آفتاب اکبر اپنی معیاد مدت پوری ہونے پر گزشتہ روز چارج چھوڑ کر واپس راولپنڈی چلے گئے جبکہ نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلئے گریڈ21کے افسر دوست علی لغاری،اعجاز بروڑو،سعید خان اور عبدالحمید رازی اور طاہر کے درمیان مقابلہ ہے ۔ریلوے سنیارٹی کے مطابق شعبہ سول انجینئرنگ سے تعلق رکھنے والے افسر دوست علی لغاری سینئر افسر ہیں اور ان کی ملازمت مدت ایک سال باقی ہے جس کے بعد ریلوے افسر سعید خان کا نام ہے اور ان کا تعلق بھی سول انجینئرنگ سے ہے اور ان کی ملازمت مدت9ماہ ہے جبکہ ریلوے کے شعبہ مکینیکل سے ریلوے افسر طاہر سینئر ہیں جس کے بعد ریلوے افسر اعجاز بروڑو کا نام ہے اور ان کا تعلق ریلوے کے شعبہ مکینیکل سے ہے اسی طرح ریلوے کے شعبہ ٹریفک کمرشل سے افسر عبدالحمید رازی سینئر افسر ہیں، ذرائع نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد اور ریلوے افسر اعجاز بروڑو کے درمیان ذہنی ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور اس وقت فیورٹ قرار دیئے جا رہے ہیں انہیں سی ای او ریلوے لگائے جانے کا امکان ہے ۔ اس طرح اعجاز بروڑو اور ریلوے افسر دوست علی لغاری کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ دوسری جانب ریلوے افسر سعید خان بھی سی ای او ریلویز کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں ، ذرائع کے مطابق ریلوے افسر اعجاز بروڑو کی تعیناتی ہونے سے محکمے میں افسروں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر جائیں گے کیونکہ پہلے ہی ریلوے افسران کے درمیان جنرل کیڈر سمیت مختلف سیٹوں پر تعیناتی سمیت دیگر امور کے حوالے سے اختلافات کئی سالوں سے جاری ہیں۔ ریلوے انجینئرز نے جنرل کیڈر کی سیٹیں کم ملنے پر کئی بار ریلوے میں احتجاج کیا افسروں کے اختلافات ختم کرانے میں سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی ناکام ہو گئے تھے جس کے بعد انہوں نے خاموشی اختیار کر لی تھی اور اب شیخ رشید بھی ریلوے افسران کے اختلافات ختم کرانے میں بے بس نظر آ رہے ہیں ۔