اسلام آباد(اظہر جتوئی)وزارت صنعت و پیداوار کے ذیلی ادارے پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنے وزارت صنعت و پیداوار کی ہدایت کے باوجود ادارے کے آٹھ ملازمین کو گذشتہ سات ماہ کی تنخواہیں دینے سے انکار کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سی ای او نے ادارے کی تعمیر نو کی آڑ میں پسند ناپسند کی بنیاد پر ادارے میں دس سال سے خدمات انجام دینے والے ملازمین کو بغیر نوٹس فوری ملازمتوں سے فارغ کر دیا تھا۔ جس پر ملازمین نے ملازمتوں پر بحالی کیلئے نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن (NIRC ) میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ کمیشن کے فل بنچ نے اپیل منظور کر کے ملازمین کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ جس کے نتیجہ میں ملازمین نے مئی 2019 ء میں دفتر میں اپنی ڈیوٹی شروع کردی۔ مگر سی ای او زاہد مقصود شیخ نے حیل و حجت سے کام لینا شروع کردیا۔متاثرہ ملازمین نے وزارت صنعت و پیداوار سے تنخواہیں دلانے کی درخواست کی۔ جو وزارت نے سی ای او کے مؤقف کے ساتھ وزارت قانون کو لیگل رائے کیلئے بھجوادی۔ جس پر وزارت قانون نے ملازمین کو تنخواہ کا حقدار قرار دیا۔ملازمین نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وزارت قانون کی رائے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں جلد جاری کی جائیں۔ کیونکہ ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال ہے ۔