کراچی،اسلام آباد،راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،نامہ نگار خصوصی،این این آئی) پی آئی اے کے جعلی لائسنس والے پائلٹس کیخلاف تحقیقات میں تیزی آ گئی،سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے ڈی جی سی اے اے کو خط لکھ کر جعلی لائسنس کے حامل پائلٹس کی فہرست مانگ لی ۔سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے ڈی جی سول ایوایشن اتھارٹی کو لکھے گئے خط میں کہا جعلی لائسنس والے پائلٹس کے خلاف قواعد کے تحت فوری ایکشن لیا جائے گا، جعلی لائسنس والے پائلٹس فلائٹ سیفٹی کیلئے شدید خطرہ ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیرہوا بازی کی جانب سے پارلیمنٹ میں دئیے گئے بیان کا بھی حوالہ دیا ۔ایئرمارشل ارشد ملک نے کہاجعلی ڈگری والے 264 پائلٹس میں سے 150 کا تعلق پی آئی اے سے بتایا گیا ہے ، جعلی لائسنس کے حامل تمام پائلٹس کو جہاز بھی اڑانے نہیں دیا جائیگا۔ادھرپی آئی اے نے پائلٹس کی تنظیم پالپا کے جنرل سیکرٹری کو پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ پی آئی اے ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے نوٹس کے متن میں کہاگیا ہے کہ عمران ناریجو نے پی آئی اے پائلٹس کو ہڑتال پر جانے کی ہدایت کی تھی، اپریل میں پائلٹس کے ہڑتال پر جانے سے پی آئی اے کو نقصان پہنچا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں پالپا کے سیکرٹری جنرل کیپٹن عمران ناریجو نے کراچی طیارہ حادثہ رپورٹ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا پائلٹس کو ایسے پیش کیا گیا جیسے خود کش بمبار ہوں،انہوں نے تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے میں پائلٹ کی غلطی تھی لیکن یہ نہیں کہہ سکتے کہ رپورٹ بھی درست ہے ۔