اسلام آباد (وقائع نگار)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سی این جی، پاور سیکٹر اور صنعتی شعبے کیلئے گیس مہنگی کردی۔اوگرا نے ستمبر سے گیس مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔اوگرا کے مطابق کمرشل سیکٹر، تندور اور سیمنٹ انڈسٹری کیلئے گیس مہنگی نہیں کی گئی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی این جی ریجن ون کیلئے گیس 88 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور ریجن 2 کیلئے سی این جی 67 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کی گئی جبکہ کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس 66 روپے فی ایم ایم بی ٹو یو اور جنرل انڈسٹری کیلئے گیس کی قیمت میں 33 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا۔ پاور سٹیشنزکیلئے گیس کے کم سے کم چارجز میں 518 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا ہے ۔آئی پی پیز کیلئے بھی گیس 33 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہو گئی ہے ۔