اسلام آباد،کراچی ،پشاور ( خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر ،92نیوز رپورٹ،ایجنسیاں ) حکومت نے سینٹ الیکشن کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین سے رابطہ کرلیا،الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا،الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ، سندھ اور خیبر پختونخوا کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ۔ذرائع کے مطابق حکومت کاپیپلزپارٹی،ن لیگ،بی این پی مینگل کے ارکان اسمبلی سے رابطہ ہوا،حکومت نے 20سے زائد اپوزیشن ارکان سے اسلام آباد سے حفیظ شیخ نشست کیلئے حمایت مانگی ہے ،سینئروفاقی وزرانے اپوزیشن ارکان سے رابطہ کیا،حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے 20سے 25ارکان نے حمایت کی یقین دہانی کرادی،دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے بھی ایسے ہی دعوے کئے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جس وزیر سے استعفیٰ لیا اس کو ملنے کے لیے بلایا ،وزیراعلیٰ نے سابق وزیر قانون سلطان محمد خان سے ملاقات کی، سلطان محمد نے امیدواروں کی نامزدگی پر پارٹی کے فیصلوں کی تائید کی ہے ۔ سندھ میں سینٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی حتمی فہرست کے مطابق 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار انتخاب لڑیں گے ،جنرل نشستوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری، پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا، جی ڈی اے کے صدرالدین شاہ، پیپلز پارٹی کی شیری رحمٰن، سلیم مانڈوی والا، جام مہتاب، شہادت اعوان، تاج حیدر، صادق میمن، دوست علی جیسر انتخاب لڑیں گے ،ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر4امیدوار حصہ لیں گے جن پر پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک، کریم خواجہ، پی ٹی آئی کے سیف اﷲ ابڑو،تحریکِ لبیک پاکستان کی طرف سے یشاء اﷲ خان شامل ہیں۔خواتین کی 2 نشستوں پر پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان، رخسانہ شاہ اور ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب امیدوار ہیں۔ اسلام آباد سے بھی امیدواروں کی حتمی فہرست شائع ہو گئی ۔ جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ ،خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد اور ن لیگ کی فرزانہ کوثر مد مقابل ہوں گی ۔ خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق 12 نشستوں پر 25 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ جنرل نشست پر تحریک انصاف کی طرف سے شبلی فراز ، لیاقت ترکئی ، ذیشان خانزادہ، محسن عزیز اور فیصل سلیم ، تاج محمد آفریدی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ہیں۔جنرل نشست پر جے یو آئی (ف) کے مولانا عطا الرحمان اور طارق خٹک امیدوار، مسلم لیگ (ن) کے عباس آفریدی، اے این پی کے ہدایت اللہ خان ، جماعت اسلامی کے عطائالرحمان امید وار ہونگے ۔ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر ہمایوں اوردوست محمد ، پیپلزپارٹی سے فرحت اللہ بابر، اے این پی سے شوکت جمال اور جماعت اسلامی کے اقبال خلیل امیدوار ہیں۔خواتین کی نشستوں پر تحریک انصاف سے ثانیہ نشتر اور فلک ناز چترالی، جے یوآئی ف کی نعیمہ کشور ،اے این پی کی تسلیم بیگم اور جماعت اسلامی کی طرف سے عنایت بیگم امید وار ہیں۔ اقلیت کی نشست پر تحریک انصاف کے گوردیپ سنگھ ، جے یوآئی ف کے رنجیت سنگھ، جماعت اسلامی کے جاوید گل اور اے این پی کے آصف بھٹی امیدوار ہونگے ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق یکم اور2 مارچ کی درمیانی شب انتخابی مہم کا وقت ختم ہو جائیگا ۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر اور گورنرز الیکشن مہم میں حصہ نہیں لیں گے ، سیاسی جماعتیں ،امیدوار انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے تمام قوانین پر عمل کرینگی ، کسی کو ملکی خود مختاری ، سلامتی کے خلاف بات کی اجازت نہیں ہوگی ،ایسی بات سے اجتناب کرنا ہوگا جس سے عدلیہ کی آزادی یا پارلیمنٹ کی خود مختاری متاثر ہو اور افواج پاکستان کی شہرت کو نقصان ہو ، اسلام ، نظریہ پاکستان کیخلاف کوئی پروپیگنڈا یا رائے نہیں دی جائیگی ، تمام جماعتیں اور امیدوار الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے گریز کرینگی ، ووٹرز پولنگ سٹیشن میں موبائل فون یا کوئی ایسا آلہ نہیں لے کر جائیں گے جس سے ووٹ کی تصویر بن سکے ۔