لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے کہا ہے کہ اس سال بھارت میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو 31مارچ کی ڈیڈ لائن دی ہے جس میں بھارتی بورڈ کو پاکستان ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی تحریری یقین دہانی کے ساتھ فینز اور میڈیا کو بھارتی ویزے دینے کی شرط بھی شامل ہے ۔گزشتہ روز بات کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے ٹیکس کلیئرنس اور کوویڈ 19کے پروٹوکولز بنا کر دینے ہیں، ان تینوں مسائل پر بھارتی بورڈ کو تحریری طور پر آئی سی سی کو 31مارچ سے پہلے جواب دینا ہے ۔ بصورت دیگر ورلڈ ٹی ٹونٹی متحدہ عرب امارات میں منتقل کردیا جائے گا۔اپنی مدت بارے احسان مانی نے کہا کہ ان کی مدت ابھی چھ ماہ باقی ہے مگر وہ خود سے کچھ نہیں مانگتے اگر وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ میں کام کرتا رہوں تو وہ سوچیں گے ۔احسان مانی نے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سے اختلافات کے حوالے سے تاثر کو غلط قرار دیااور کہا کہ دونوں کے درمیان کسی رائے پر اختلاف تو ہو سکتا ہے لیکن یہ اختلاف ذاتی نوعیت کا ہر گز نہیں ہے ۔ایشیا کپ بارے احسان مانی نے بتایا کہ گزشتہ سال کوویڈ 19 کی وجہ سے ایشیا کپ رواں سال کرایا جانا تھا لیکن اس سال جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہے جس کے لیے بھارتی ٹیم نے کوالیفائی کر لیا ہے اس وجہ سے اس سال بھی ایشیا کپ کا انعقاد ہوتا نظر نہیں آرہا ہے ۔