اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ آصف علی زرداری کو ضمانت پر رہائی ملنا اچھی بات ہے ،مارچ تک ان کے 5 مقدمات میں پلی بارگین سے پیسے آنے والے ہیں ،بلاول بچپن سے ان مقدمات میں ڈائریکٹر ہے ، جن کی پلی بارگین نہ ہوئی تو بلاول بھٹو کا سیاسی مستقبل ختم ہوجائے گا۔جمعرات کو بحریہ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وکلا کے پی آئی سی پرافسوسناک ہے ،ساری قوم سکتے میں آگئی ہے کہ کالے اور سفید کوٹ والوں کی لڑائی میں جانیں چلی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان مجموعی آبادی کا 60 فیصد ہیں ، ہم نے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دینی ہے ۔ الیکشن کمیشن اتفاق سے مکمل ہوناچاہئے ۔حکومت عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، بجلی اور گیس کے بلوں کے مسائل سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت شہریت کے متنازع قانون کے ذریعے صرف ہندوؤں کو آباد کرنا چاہتا ہے ۔ شہریت کے حوالے سے مسلمان 10 ویں نمبر پر بھی نہیں آتے ، یہ کونسا نظریہ ہے ؟ نریندر مودی فاشسٹ بن کر آگے بڑھ رہا جو بھارت میں سکھوں، مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کیلئے ایک بڑاخطرہ ہے ۔