لاہور(آن لائن ، این این آئی، نمائندہ خصوصی سے ، مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں ۔ لاہور آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں میثاق جمہوریت پر عمل ہو جو سب کے لیے بہتر ہوگا۔ حکومت مخالف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی کو سینٹ الیکشن میں اُمیدوار نامزد کیا ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ ہم کم ہیں لیکن ایوان بالا کے انتخابات میں مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے جبکہ سینٹ الیکشن کے بعد وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بات ہو سکتی ہے ۔ ،ہمارا مختصر المعیاد منصوبہ ہے کہ اس غیر جمہوری طریقے سے بننے والی حکومت کو ختم کرنا ہے ۔بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والے پیپلزپارٹی کے ناراض ایم پی ایز نے ملاقات کی ۔مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں یوسف رضا گیلانی،قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے ۔ ناراض اراکین نے بلاول بھٹو کو پارٹی کے ساتھ مکمل وفاداری کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ بلاول بھٹو زرداری آج جاتی عمرہ رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کریں گے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج اور سینٹ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے ۔ دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں سینٹ انتخابات، حکومت مخالف تحریک ، پی ڈی ایم کے فیصلوں اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔