تل ابیب، اسلام آباد،تہران(این این آئی) اسرائیلی حکام نے بتایاہے کہ امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچ گئے ۔وہ منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اسرائیل پہنچے جہاں وہ ایران کے معاملے پراسرائیلی حکام سے مذاکرات کریں گے ۔ اسرائیلی حکام کے مطابق مذاکرات میں جوہری پروگرام اور علاقائی سرگرمیوں پر توجہ دی جائیگی۔ اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارت خانے نے بحیرہ عرب اور خلیج فارس میں بحری جہازوں پر حملوں کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا اقدام امن و امان، استحکام اور سلامتی کو برقرار ر کھنے پر مبنی ہے ، کچھ مغربی طاقتیں مخصوص عزائم کے حامل سلسلے کی حمایت کر رہی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بحیرہ عرب اور خلیج فارس میں بحری جہازوں کو پے در پے پیش آنے والے سکیورٹی حادثات سے متعلق چھپنے والی خبریں مکمل طور پر مشکوک ہیں، اس بات کیلئے کسی وضاحت کی ضرورت نہیں کہ غاصب صیہونی حکومت ایران کے ساتھ دیرینہ عداوت کی بدولت نئی حکومت کے اقتدار میں آتے ہی اور ایران میں اقتدار کی پرامن اور باوقار منتقلی کے بعد الزام تراشی اور خطہ میں کشیدگی پیدا کرنے کے در پے ہے ۔