کراچی (خصوصی رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ کو حکم دیا ہے کہ کونسل آف پاکستان نیوزپیپرایڈیٹرز (سی پی این ای) سے رابطہ کرکے سی پی این ای اراکین کے اخبارات کے تمام بقایاجات کی ادائیگیوں کی کارروائی مکمل کر کے 30 اکتوبرکو آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔ یہ حکم جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس فیصل آغا پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ نے سی پی این ای کی جانب سے اخباری اداروں کو بقایاجات کی فوری ادائیگی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر دائر کردہ توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیا۔ سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے دوران سماعت عدالت کو بتایا محکمہ اطلاعات کی جانب سے اخبارات کو صرف براہ راست (بجٹیڈ) بقایاجات کی جزوی ادائیگیاں کی گئی ہیں، ابھی بھی بیشتر اخبارات کے بقایاجات واجب الادا ہیں، علاوہ ازیں اشتہاراتی ایجنسیوں کے توسط سے جاری ہونے والے اشتہارات کی مد میں بھی خطیر رقم واجب الادا ہے ۔ محکمہ اطلاعات سندھ کے ڈائریکٹر (اشتہارات) ذوالفقار علی شاہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اخبارات کے تمام تر بقایاجات جلد ادا کر دیئے جائیں گے ۔ عدالت نے حکم دیا محکمہ اطلاعات کے افسران سی پی این ای کے ساتھ مل کر اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگیوں کی فہرست کا جائزہ لیں۔سی پی این ای کی درخواست کی پیروی رفیق احمد کلوڑ ایڈوکیٹ کی غیر موجودگی میں غلام محمد درس ایڈووکیٹ نے کی، اس موقع پر ایڈیٹرز، صحافی اور میڈیا ورکرز بڑی تعداد میں موجود تھے ۔