کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے میڈیا ٹربیونلز کے قیام سے متعلق دوبارہ اعلان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدنیتی پر مبنی امتیازی اور جمہوریت دشمن اقدام قرار دیا ۔ انہوں نے کہا میڈیا پہلے ہی غیر علانیہ شدید پابندیوں اور دباؤ کا شکار ہے ،وہاں میڈیا ٹربیونلز کے ذریعے مزید پابندیوں اور دباؤ میں جکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ملک میں جمہوری کلچر کے استحکام، تحریر و تقریر اور اظہار کی آزادی جیسے بنیادی حقوق کے فروغ میں رکاوٹ ثابت ہوگا۔ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے ) اور پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے ) سمیت تمام میڈیا تنظیموں سے پیل کی ہے کہ وہ اس عفریت کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔دریں اثنا اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے کل 19ستمبر کو کراچی میں سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں میڈیا ٹربیونلز سمیت حکو مت کے آزادی صحافت کے خلاف اقدامات پر غور کیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔علاوہ ازیں 92 نیوز سے گفتگو میں عارف نظامی نے کہا میڈیاٹربیونلزکی تشکیل پر اعتمادمیں نہیں لیاگیا،میڈیاٹربیونلزکامذموم مقصد میڈیا کو ڈرانا اور دھمکاناہے ،میڈیاکی آزادی پرقدغن لگانے کی کوشش کی گئی تو اس کی سختی سے مزاحمت کی جائیگی۔سینئرصحافی مظہرعباس نے کہامیڈیاکومزیددبائومیں لانے کی کوشش کی جارہی ہے ،وزارت قانون اوراطلاعات کا عمل دخل لگتاہے ۔