اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،این این آئی)پاکستان اور چین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر کام تیز کر نیکا فیصلہ کرلیا۔ ہفتہ کو چینی وزیر ٹرانسپورٹ کی قیادت میں پاکستان آئے وفد نے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سے ملاقات کی جس دوران ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ،دوسرے مرحلہ میں مغربی روٹ پر 1270 کلو میٹر کی شاہراہیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ گلگت سے چترال اور ڈی آئی خان سے ژوب تک شاہراہیں تعمیر ہونگی، پشاور تا ڈی آئی خان اور سوات ایکسپریس وے فیز ٹو سمیت قراقرم ہائی وے پر بھی کام ہوگا۔ چینی وفد نے کہاکہ منصوبے کی بر وقت تکمیل کیلئے وزارت مواصلات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چینی وزیر نے کہاکہ سی پیک سے دونوں ممالک کی آئندہ نسلیں مستفید ہوں گی، دونوں ملکوں کی قیادت نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔وزیر مواصلات مراد سعید نے چینی انجینئرز کی محنت،عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہااور کہاکہ سی پیک کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے ،سی پیک سے ملازمتوں کے مواقع،انفراسٹرکچراور مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا۔وزیر مواصلات نے سی پیک اتھارٹی کے قیام سے متعلق بھی چینی وفد کو آگاہ کیا۔مراد سعید نے کہاکہ معاشی و اقتصادی ترقی سمیت غربت کے خاتمہ کیلئے چین ایک رول ماڈل ہے ۔