اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری، دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی، پاکستان سی پیک کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے ، بعض دشمن عناصر اس سے خوش نہیں لیکن وہ اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور چین حقیقی دوست ہیں اور ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا پاک -چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے ۔صدر مملکت نے داسو میں جاں بحق ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے ۔ اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍ صباح نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری پر وفاقی وزیر شبلی فراز اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انتخابی عمل میں شفافیت آئے گی، دھاندلی کے سدباب میں مدد ملے گی۔ عارف علوی کو وفاقی وزیر سائنس نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دی جبکہ صدرعارف علوی کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا ۔وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق آگاہی مہم میں مشین کو چاروں صوبائی اسمبلیوں میں بھی رکھاجائے گا۔وزیراعظم عمران خان ای ووٹنگ مشین کا پہلے ہی معائنہ کرچکے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نمائش کے لئے رکھی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے دورے کے موقع پرکہا نئی تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل کو منصفانہ ، شفاف اور قابل اعتماد بنائے گی۔