کوئٹہ ( خصوصی رپورٹ) آزاد کشمیر کے صدر سردارمسعود خان نے کہاہے کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کی طرح آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں اور تاجروں کیلئے امید کی کرن ہے ، بلوچستان کی کانکنی سے وابستہ افراد اور صنعت کاروں کے تجربے سے آزاد کشمیر کے مائننگ کے شعبے سے وابستہ افراد کو فائدہ ہوگا بلکہ کانکنی کے شعبے میں بلوچستان اور آزاد کشمیر کے سرمایہ کاروں کو جوائنٹ وینچر کی ضرورت ہے ۔گزشتہ روز کوئٹہ میں چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفد سے گفتگواور قومی سلامتی ورکشاپ بلوچستان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا کے دیگر ممالک کا کشمیر کے مسئلے پرمجرمانہ خاموشی قابل افسوس وحیرت ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ آزاد کشمیر اور دنیا کے دیگر ممالک میں موجود کشمیری سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کرینگے ۔