اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ سی پیک کے خلاف ناپاک عزائم رکھنے والوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں متعین چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات میں کیا جنہوں نے جی ایچ کیو میں ان سے ملاقات کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، افغانستان کی صورتحال اور علاقائی سلامتی پر گفتگو کی گئی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے خلاف ناپاک عزائم رکھنے والوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں،چینی سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا، انہوں نے کہاکہ افغانستان کی حالیہ صورتحال میں پاکستان کا کردار کلیدی ہے ،چین بحیثیت تذویراتی شراکت دار پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا ۔