اسلام آباد؍ گوادر (وقائع نگار؍ مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ، اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے ، گوادر پورٹ مکمل آپریشنل ہو چکی ، 60 ایکڑ رقبہ پر فری زون فیز ۔1 مکمل ہو گیا، 2200 ایکڑ پر فیز ۔2منصوبے کے سنگ بنیاد سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا نیا سلسلہ شروع ہو گا،جنوبی بلوچستان پیکج سے علاقے میں پانی ،بجلی ، سڑکوں اور روزگار کے مسائل حل ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا گوادر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر شہر میں بھی ترقی کا سفر جاری ہے ،ماسٹر پلان کی منظوری دی جا چکی ہے ، سی پیک کے تحت گوادر میں 100 بستر پر مشتمل جدید ہسپتال، بین الاقوامی ایئرپورٹ اور ووکیشنل انسٹیٹیوٹ بنایاجا رہا ہے ، ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی بلوچستان میں ماضی میں نظر اندز کئے جانے کااحساس پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا سی پیک پاکستان کے حاسدوں اور دشمنوں کے پراپیگنڈے کے نشانے پر ہے ، سی پیک کے خلاف پراپیگنڈہ ناکام بنانے اور اس پراپیگنڈے کے اثرات زائل کرانے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری خود اور ان کا ادارہ اہم کردار اداکررہے ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ سی پیک ترقیاتی منصو بے پاکستان سمیت خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہیں۔گوادر ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے ۔ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔