کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت بلوچستان میں سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منگل کے روز ہوا۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال،چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر سلیم احمد کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بشریٰ رنداور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان و سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے بلوچستان میں سی پیک پراجیکٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایاگیا توانائی، روڈ انفراسٹرکچر، انڈسٹریل کو آپریشن، سماجی و معاشی ترقی اور گوادر ڈویلپمنٹ سے متعلق 23منصوبے مرتب کئے گئے ، حب میں سی پیک کے تحت 1320میگاواٹ کول فائرڈ پاور پلانٹ منصوبہ مکمل کرلیاگیا ، گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان منصوبہ بھی مکمل کیاگیا ، 13پراجیکٹس پائپ لائن میں ہیں، نئے گوادر انٹر نیشنل ایئرپورٹ، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے ، گوادرپورٹ اینڈ فری زون ڈیویلپمنٹ، پاک چائنہ فرینڈ شپ ہسپتال گوادر اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر کے منصوبوں پر فزیکل کام کا آغاز کردیاگیا ۔چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا سی پیک منصوبے میں سینٹرل ایشین ممالک بھی سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔