اسلام آباد(نامہ نگار)انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت نے اسامہ ستی کیس میں گرفتارپانچ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روز کی توسیع کردی۔گزشتہ روز پولیس نے ریمانڈ ختم ہونے پر گرفتار پولیس ملازمین مدثر اقبال، شکیل احمد، محمد مصطفیٰ، سعید احمد اور افتخار احمد کو عدالت میں پیش کیا۔اس موقع پر پولیس نے عدالت سے ملزمان کے مزید پانچ روزہ ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایاکہ کیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر اعظم ہیں جو کچھ دیر تک عدالت پہنچ جائیں گے ، جس پر عدالت نے ملزمان کے ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر عدالت پیش ہوں اور ملزمان کو واپس لے جانے کی ہدایت کی۔قبل ازیں اسامہ ستی کے لواحقین نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس کے خلاف خاموش احتجاج کیا ،مظاہرین نے بینر اٹھارکھے تھے ۔ ملزمان کو عدالت پیشی کیلئے لائے جانے اور واپس لے جانے کے دوران مقتول اسامہ ستی کے بھائی نے انتہائی جذباتی رویہ اختیار کیااور گرفتار پولیس ملزمان پر حملہ کی کوشش کی لیکن وہاں موجودسکیورٹی حکام نے اسے قابو کرلیا اور ملزمان کو نکال کرلے گئے ۔