اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)سینٹ قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے ادویات قیمتوں میں15 فیصد سے زائد اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈریپ سے تمام کمپنیوں کی لسٹیں طلب کرلی ہیں،کمیٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے وزارت کی جانب سے کابینہ کو دی گئی بریفنگ بھی طلب کر لی جبکہ آئی جی اسلام آباد نے تعلیمی اداروں میں نشہ آور ادویات کی فراہمی میں میڈیکل سٹورز کو قصور وار ٹھہرا دیا ۔ کمیٹی نے پی ایم ڈی سی کے صدارتی آرڈریننس میں ترمیم کرنے کیلئے وزارت ہیلتھ کو سفارش کردی کہ کونسل ممبرز میں سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کو بھی شامل کیا جائے ۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر میاں عتیق شیخ کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں سراج الحق کے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ، آئی جی پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جعلی ڈاکٹر وں، کلینک اور غیر معیاری ادویات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ کے علاوہ وزارت صحت کی جانب سے پمز ہسپتال میں کام کرنے والے جعلی ڈاکٹر کے بارے تفصیلی رپورٹ اور ڈاکٹر دائود شمائل کی عوامی عرضداشت کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ جعلی ڈاکٹر اور جعلی کلینکس کو سختی سے دیکھا جا رہاہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں و جرمانے کیے جارہے ہیں۔ پمز ہسپتال کے جعلی ڈاکٹروں کے حوالے سے دی گئی رپورٹ کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے کمیٹی کے سامنے حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ قائمہ کمیٹی کو ادویات کی قیمتوں کی پالیسی بارے آگاہ کیا گیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت ضروری ادویات پر سبسڈی فراہم کر ے ، کس کی اجازت سے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ادھر موسمیاتی تغیرات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیر مشاہد حسین سید کی صدارت میں ہوا جس میں اسلام آباد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے نوجوانوں اور عوام میں شعور بیداری،کوڑا کرکٹ، ہسپتالوں کا ویسٹ ٹھکانے لگائے جانے ، نالوں کی صفائی اور اسلام آباد کو پلاسٹک فری سٹی بنانے کا ایجنڈا زیر بحث آیا ۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ سب سے پہلے پارلیمنٹ کو پلاسٹک بیگ فری بنایا جائے گا، کمیٹی سول سوسائٹی، سی ڈی اے ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ساتھ لے کر چلے گی۔ چاہتے ہیں اسلام آباد کو مثالی شہر بنائیں ، ہر ٹی وی پر روزانہ 10 منٹ آگہی مہم ہونی چاہئے ، اس موقع پر وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا کہ اسلام آباد کو پلاسٹک بیگ فری بنانے کیلئے یہ پہلا منصوبہ ہوگا، انکی وزارت کمیٹی کی ہر ممکن معاونت کریگی۔