اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)اسلام آبادہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ پرپابندی برقراررکھنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ،عدالت نے قرار دیا کہ کسی پلاٹ کی الاٹمنٹ ضروری ہو توعدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے ، عدالت کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے زمین ایکوئر کرنے کے اختیار کا غلط استعمال کیاجو ابھی بھی جاری ہے ، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے اس حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کیا عدالت کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آج تک سی ڈی اے اور ہائوسنگ فائونڈیشن نے بے گھر لوگوں کیلئے سکیم شروع نہیں کی،سی ڈی اے اور ہائوسنگ فائونڈیشن صرف نیلامی کے ذریعے پلاٹ الاٹ کرسکتے ہیں،عدالت کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے اصل مالکان سے زمین ایکوائر کرکے بااثر طبقے میں تقسیم کر دی، دہائیوں سے متاثرین معاوضے کی ادائیگی کیلئے ٹھوکریں کھاتے پھر رہے ہیں ،جب تک متاثرین کو معاوضہ نہیں دیا جاتاعدالت پابندی برقرار رکھے گی،زمین ایکوائر کرنیکا اختیار شہریوں کے پراپرٹی رائٹس کیخلاف استعمال نہیں ہو سکتا۔عدالت نے متاثرین کے معاملات 3 ماہ میں حل کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ بھی طلب کرلی ۔