آزادی کشمیر کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ہی ہمارا مقصد‘ منزل اور نعرہ ہے‘ ہم اس مقصد پر ہمیشہ قائم رہیں گے اور اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔ اپنی جدوجہد آزادی کی طویل جنگ کے دوران مقبوضہ کشمیر کے رہنمائوں اور عوام نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ پاکستان کا نقشہ اسی دن مکمل ہو گا جب مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔یوں تو اور بھی صف اول کے کئی کشمیری رہنما مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف اور آزادی کے لئے بھارت سے ہر محاذ پر نبرد آزما ہیں لیکن سید علی گیلانی کی شخصیت کشمیری عوام کے لئے ایک ایسے مینارہ نور کی ہے جس نے انہیں بھارت جیسی طاغوتی قوت سے ٹکرانے کا حوصلہ دیا ہے۔ اگرچہ وہ عمر عزیز کے اس حصے میںہیں جہاں انسان کے اعصاب جواب دے جاتے ہیں لیکن یہ علی گیلانی ہی ہیں جنہوں نے ہر موقع پر اپنی بصیرت اور ضرب یداللہی سے بھارت کے ہر حربے کو ناکام بنا دیا۔ سید گیلانی کے پیغام نے ایک بار پھر بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں‘ وہ کشمیر کو پاکستان کا اٹوٹ انگ سمجھتے ہیں اور آزادی کے بعد کشمیر کا الحاق ہر صورت میں پاکستان کے ساتھ ہی ہو گا۔