اسلام آباد،راولپنڈی (وقائع نگار،نامہ نگار خصوصی) سول ایوی ایشن ڈویژن نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کی پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار دیتے ہوئے ایئرپورٹس پر سامان کی ریپنگ کیلئے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت کردی ۔ سیاحت کے فروغ کیلئے پرائیویٹ ایئرلائنز کو خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ بھی کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے تمام ایئرپورٹس پر سکیورٹی سے متعلق اہم اقدامات کرتے ہوئے بیرون ملک جانیوالے مسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار دیدیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے بغیر پلاسٹک ریپنگ کے سفری بیگ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ایئرپورٹس پر سامان کی ریپنگ کیلئے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر ایک سے زائد ریپنگ مشینیں نصب کی جائینگی ، ریپنگ مشین کیلئے ٹینڈر جاری کردئیے ہیں، ریپنگ سے بیگوں میں سے چوری کے واقعات کی روک تھام ہوگی۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق اسلام آباد، کراچی، پشاور، لاہور، کوئٹہ ایئرپورٹس پرمشینیں نصب ہوں گی ، مشینوں کوایئرپورٹس پرایک ماہ کے اندر نصب کیا جائیگا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے مسافروں کوسامان کی ریپنگ پرعملدرآمد آئندہ ماہ سے شروع ہوگا، بغیر ریپنگ کے مسافروں کاسامان جہاز میں منتقل نہیں ہوگا۔قبل ازیں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے ایوی ایشن ڈویژن میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کوبتایا گیا کہ بیرون ملک جانے والے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرا نا چاہیے ۔وفاقی وزیر غلام سرور خان کا ٹورازم پروموشن لائسنس کے بارے میں کہنا تھا کہ جو ایئرلائن سیاحتی مرکز کے قرب و جوار میں واقع چھوٹے ائیرپورٹس پر بھی فلائٹس کا آغاز کریں گی، ان سے لینڈنگ، ہاؤسنگ اور نیوی گیشن چارجز نہیں لئے جائیں گے ،لائسنس پانچ برس کیلئے دیا جائے گا۔ایروناٹیکل سروسز کا کرایہ بھی نہیں لیا جائے گا۔مذکورہ روٹس پر زیادہ سے زیادہ 40 سیٹوں والا جہاز لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔