اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے الیکشن مہم کے اخراجات بھی بہت جلد افشا ہونے جا رہے ہیں،این آر او لینے کیلئے ہر روز سڑکوں پر سیاسی سرکس لگائی جا رہی ہے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں ریکارڈ جمع نہیں کرایا۔پشاور، مالاکنڈ اور لاہور کی جلسیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے ان لوگوں کو مسترد کر دیا ، الیکشن کمیشن میں انہوں نے رسیدیں جمع کرانے جانا تھا وہاں تماشہ لگا دیا، (ن) لیگ کو اسمبلی میں این آر او نہیں دیا تو سڑکوں پر نکل آئے ، عوام نے رد کر دیا تو الیکشن کمیشن کے سامنے تماشہ لگا دیا، انہیں ڈر تھا کہ اگر ریکارڈ دکھایا تو کہیں امریکہ اور دوسرے ممالک میں ان کی کمپنیاں نہ سامنے آ جائیں، ارنب گوسوامی کی بات چیت سے پلوامہ ڈرامہ کا پردہ چاک ہوا، ڈس انفولیب اور انگلینڈ کے پارلیمنٹیرینز انڈیا کو ایکسپوز کر رہے ہیں کہ کیسے انڈیا پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے لیکن اپوزیشن نے اصل مسائل پر بحث چھوڑ کر اپنی سرکس لگا رکھی ہے ، مریم نواز نے پی ٹی آئی پر اسرائیل اور بھارت کے جن دو لوگوں سے فنڈنگ کا الزام لگایا وہ پاکستانی نکلے ، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں چالیس ہزار پاکستانیوں کا ڈیٹا دیا، کیا (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہزار لوگوں کا ڈیٹا بھی دے سکتی ہیں؟۔