سیالکوٹ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ترجمان سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ عبدالشکور مرزا نے سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر پی آئی اے کے جہاز کا ٹائر پھٹنے کے حوالے سے چلائی جانے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے یہ واقعہ 11 دسمبرکو پیش نہیں آیا بلکہ دو روز قبل 10 دسمبر کو صبح 3 بج کر 55 منٹ پر جدہ سے آنے والا بوئنگ 777 جہاز پی کے 746 رن وے پر اترا اور پائلٹ نے کسی بھی قسم کے غیر معمولی واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں دی۔ انجنیئر زنے پرواز اترنے کے بعد جہاز کا معمول کا معائنہ کیا تو ایک ٹائر کی اوپر والی سطح اتری ہوئی تھی جبکہ رن وے کا بھی اسی وقت معائنہ کیا گیا تو وہاں سے ٹائر کا کوئی ایک ٹکڑا بھی نہیں ملا۔ خراب ٹائر کو تبدیل کرنے کے بعد جہاز مسافروں کو لے کر جدہ روانہ ہو گیاتاہم سیال اور پی آئی اے حکام نے اس واقعہ کی مشترکہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ رن وے خراب ہونے کی خبرو ں میں اس لیے کوئی صداقت نہیں کہ رن وے پر قومی اور بین الاقوامی ائرلائنوں کی معمول کے مطابق پروازیں اترنے اور روانہ ہونے کا عمل جاری ہے ۔