سیالکوٹ ،لاہور، اوکاڑہ، کرمانوالہ،واربرٹن،فیصل آباد ( ڈسٹرکٹ رپورٹر،کرائم رپورٹر ،سپیشل رپورٹر، نامہ نگاران ،خصوصی رپورٹر)مبینہ طور پر دوران ڈکیتی بینک کے حفاظتی عملہ کی فائرنگ سے لاکھوں روپے چھین کر فرار ہونے والے دو ڈاکو مارے گئے جبکہ تیسرافرار ہوگیا جبکہ لاہور میں سی آئی اے غازی آباد پولیس کی زیرحراست سے فرار ہونے والا ملزم مقابلے میں ہلاک ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ میں نجی بینک کا اسسٹنٹ مینجر فیصل خان درانی بینک سے 12لاکھ رو پے لے کر نکلا اور گاڑی میں سوار ہونے لگا تو دو ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر اس سے 12 لاکھ روپے چھین لئے اور تیسرے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے تو بینک کے حفاظتی عملہ نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری سول ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے ، ڈاکوؤں کی شناخت امیر خان سکنہ رنجہائی اور صفدر سکنہ گاگا کے نام سے ہو ئی ۔ لاہور میں سی آئی اے پولیس غازی آباد سے فائرنگ کرکے فرار ہونے والا ملزم کینٹ ڈویژن کی حدود میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی آئی اے پولیس دوبارہ گرفتار کرنے گئی ملزم نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی میں ملزم آصف مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے تین ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ، سی آئی اے نے چند گھنٹوں میں ملزم کو ٹریس کر لیا ، ملزم گزشتہ روز صبح دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی کر کے فرار ہو گیا تھا ۔ ملزم کی لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا، ملزم نے چند عرصہ قبل پروفیسر ذوالفقار شاہ کو ہلاک کیا تھا، کئی پولیس افسروں اور اہلکاروں کو دھمکیاں بھی دی تھی، ملزم نے کوثر خان کو اغوا کرکے قتل کرکے لاش نہر میں پھنک دی تھی ملزم نے پولیس اہلکار کے بھائی کو شاہدرہ میں فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، ملزم نے کئی اور افراد کو زخمی اور قتل کیا ، ملزم شہر میں دہشت کی علامت بنا ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے ایک سینئر پولیس افسر کو بھی قتل کی دھمکیاں دی تھیں، فیصل آباد میں ڈجکوٹ کے علاقہ میں دکان کے تنازع پر بھتیجے اسلم ساتھیوں سے ملکر چچا ارشد اور اسکے ملازم وسیم کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے چچا کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے بھتیجے کو گرفتار کر لیا ۔