وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود 5ارب روپے سیلاب متاثرین کے لئے فوری طور پر جاری کر دیے گئے ہیں۔روزنامہ 92نیوز نے چار دن قبل انہی سطور میں سیلاب کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر حکومت کو سیلاب متاثرین کے لئے امدادی فنڈ قائم کرنے کی تجویز دی تھی۔یہ امر قابل تحسین ہے کہ حکومت کی جانب سے ایسی تجاویز کو قبول بخشا گیا۔وزیر اعظم کا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ 2005ء کے زلزلے اور 2010ء میں آنے والے سیلاب کے بعد اہل پاکستان نے متاثرین کے لئے دل کھول کے مدد کر کے دنیا کے سامنے ایک مثال قائم کی تھی،آج بھی قوم کی جانب سے ایسے ہی جذبے کی ضرورت ہے۔ حالیہ سیلاب سے سندھ‘ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں قیامت صغریٰ بپا ہوئی ،خصوصاَبلوچستا ن کے بیشتر علاقے ایسی تباہی کا شکار ہوئے ہیں کہ ان کی بحالی کے لئے ایک عرصہ درکار ہو گا ۔سیلاب زدگان کی بحالی صرف سرکاری سطح پر ممکن نہیں ،لہذا اسکا تمام بوجھ حکومت پر ڈالنے کی بجائے مخیر حضرات اور تمام اہل وطن کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اورسیلاب زدگان کے لئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ 2022ء کے اکائونٹ نمبر جی 12164میں زیادہ سے زیادہ امدادی رقوم جمع کرائی جانی چاہئیں تا کہ سیلاب سے ہونے والی غیر معمولی تباہی کے شکار متاثرین کی بحالی کام کوجلد سے جلد ممکن بنایا جا سکے۔