لاہور(سٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں حضرت سیدنا عثمان غنی واحد ایسے حکمران ہیں جنہوں نے تمام پاور ہونے کے باوجود شہادت دے دی کسی کا خون بہانا گوارا نہیں کیا وہ عمل، رواداری ،حوصلہ مندی اور برداشت کے اعلیٰ ترین درجے پر فائز ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ خلیفہ سوئم حضرت سیدناعثمان غنی رضی اﷲ عنہ نے اپنا مال اور جان رسول اﷲ ﷺپر ایسے قربان کیے کہ انسانیت قیامت تک ان کی مثال پیش نہیں کر سکتی، وہ اسلام اور رسول پاک ؐکے سچے عاشق اور حیا کے پیکر تھے ، انہوں نے مسلمانوں کے خلیفہ ہونے کی حیثیت سے جو امور سرانجام دیئے وہ تاریخ اسلام کا سنہری باب ہیں انہوں نے حضر ت سیدنا صدیق اکبراور حضرت سیدنا عمر فاروق کے بعد اُمت کی بے مثال رہنمائی فرمائی او ر ایسے اقدامات کیے جن سے فتوحات کا سلسلہ جاری رہا اور اسلام دنیا کے کونے کونے میں پھیلتا چلاگیا اور اسلامی سلطنت لاکھوں مربع میل تک وسعت اختیار کر گئی۔حضرت سیدناعثمان غنی رضی اﷲ عنہ تمام زندگی حضوراکرمﷺ، ان کے دین اور ان کے لائے ہوئے نظام کے فروغ کے لئے جدوجہدکرتے ہوئے جان مال اور اولاد رسول پاکﷺ پر قربان کیے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ میں علماء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔