لاہور(جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر،نیوزرپورٹر،اپنے خبرنگار سے ،سٹاف رپورٹر)میڈیکل کالجز اور خود مختار ہسپتالوں کی انتظامی پوسٹوں پر تعینات سینئر ڈاکٹروں کو اپنے متعلقہ سپیشلائزیشن کے شعبے کے بطور پروفیسر کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ ایسے سینئر پروفیسر جو کہ پرنسپل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے سیٹوں پر تعینات ہیں وہ اپنی سپیشلائزیشن والی وارڈ کے انچارج بھی ہوں گے تا کہ مریضوں کا علاج معالجہ بھی کر سکیں ۔اس حوالے سے ان کو کوئی اضافی الاؤنس نہ دیا جائے گا ۔دریں اثنا محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ایم ایس ڈی جی خان ٹیچنگ خان ڈاکٹر شاہد سلیم کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے محکمہ کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا ۔ ڈاکٹر شاہد حسین مگسی جن کو چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈی جی خان کے عہدے سے منگل کے روز ہٹایا گیا ان کو ایم ایس ڈی جی خان ٹیچنگ ہسپتال کا عارضی چارج سونپ دیا گیا ۔ادھر آئی جی نے ایس ڈی پی او ساہیوال خالد محمود انور کو سنٹرل پولیس آفس لاہور، ایس ڈی پی او صدر چکوال انور کو سنٹرل پولیس آفس لاہور رپوٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ۔علاوہ ازیں آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے گریڈ 21 کے آفیسر منظور اختر ملک کو ممبر فنانس منسٹری آف ریلویز سے تبدیل کرکے ڈپٹی آڈیٹرجنرل (سی اے اینڈ ای )اے جی پی آفس اسلام آباد جبکہ گریڈ 20 کے آفیسر شہزاد رضا سید کو ممبرفنانس منسٹری آف ریلویز تعینات کردیاگیا۔ادھر محکمہ اعلیٰ تعلیم پنجاب نے مجموعی طور پر 175 کالج اساتذہ کے تبادلے کردیئے ۔مذکورہ تبادلوں میں 150 مرد و خواتین گریڈ 17 کی کالج لیکچرارز اور گریڈ 18 کے اسسٹنٹ پروفیسرز شامل ہیں۔محکمہ اعلیٰ تعلیم پنجاب کے حکام نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کالج اساتذہ کے تقرر و تبادلوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ پابندی ختم ہونے کے بعد نئی درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ شروع کیا جا ئے گا۔علاوہ ازیں محکمہ آبپاشی حکام نے 31 اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینیرز کو گریڈ 17سے 18 میں ترقی دیدی ۔