لاہور (سٹاف رپورٹر)قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ سیرت طیبہ سے ہٹ جانے کی وجہ سے ہمارا ہر اگلا دن بربادی ، تباہی کی طرف جارہا ہے ، عزت و آبرو کا پیمانہ دولت اور مکرو فریب جیسی منفی صلا حیتیں بن چکی ہیں، خیر کی جگہ شر نے لے لی ہے ، سیاست، معیشت، معاشرت، حکومت، ثقافت ہر جگہ جھوٹ کی تجارت ہورہی ہے ۔مینارپاکستان پر ولادت جشن مصطفیﷺ کے موقع پر منعقدہ 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کے ہزاروں مردوخواتین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ ؐ کی پاک سیرت ؐ کا ہر لمحہ اور ہر گوشہ آج بھی ہمارے سامنے موجود ہے ، عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہم ذلت و رسوائی کے گڑھے میں گرے ہوئے ہیں، ہم دلوں کاسکون اور مقصد حیات پانا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں سیرت طیبہ سے اپنے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنا ہو گا، رسول اﷲ ؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہو گا، سچائی کا دامن تھامنا ہو گا، حلال، حرام میں تمیز کرنا ہو گی، ظالم کے مقابلے میں مظلوم کا ساتھ دینا ہو گا۔ کانفرنس میں ممتاز سیاسی، سماجی، اقلیتی رہنمائوں، حکومتی عمائدین شریک تھے ، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان و دیگر مرکزی رہنمائوں نے شرکاء کانفرنس اور مہمانوں کوخوش آمدید کہا۔ کانفرنس کے اختتام پر ولادت مصطفیؐ کی خوشی میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، فضا آمد مصطفیؐ مرحبا مرحبا کے نعروں سے گونجتی رہی۔