مکرمی ! سیرت پاکؐ کے ذاتی عائلی و خانگی معاملات تو تاریخ انسانی کے روشن ترین باب ہیں ہی، مگر بحیثیت رسول‘ داعی آپ ؐ نے ہر ایک کو امان عطا فرما دی اور آپ ؐ مکہ مکرمہ میں اس شان سے فاتحانہ داخل ہوئے کہ بغیر قتل و غارت کے اسلامی پرچم اپنے مرکز پر لہرا دیا گیا اور وہ بیت اللہجو بتوں کی نجاست سے آلودہ کر دیاگیا تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قیامت تک کے لئے خالصتاً اللہ رب العالمین کی توحید کے گن گانے والوں کے لئے پاک کر دیا۔ نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کلیدبردار کعبہ کو بلاکر بیت اللہ کی چابی عطا فرمادی کہ جس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر بیت اللہ کے دروازے بند کردیئے تھے مگر رحمت و شفقت کے ماہ مبارک نے احسان کی وہ عظیم مثال قائم فرما دی کہ تاحشر اسی خانوادہ میں بیت اللہ کی چابی رہے گی۔ سیرت مبارکہ کا ہر پہلو روشن و تابناک اورضیاء بار ہے۔ یہ ہمارا ظرف ہے کہ ہم کس قدر فیض حاصل کرتے ہیں وگرنہ تو ہادی عالم مرشد اعظم نیر تاباں ماہ درخشاں کی سیرت طیبہ تو ہر متلاشی حق کے لیے منارئہ نورہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کے گن مسلم ہی نہیںبلکہ غیر مسلم بھی گاتے ہیں اور کیوں نہ گائیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک سراسر ہدایت ہی ہدایت ہے۔ ( مولاناعبدالرحمن سلفی )