لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جا نے والی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کی تیاری کے لئے دونوں ٹیموں کے سکواڈز کی تیسرے روز بھی قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ جاری رہی۔ پاکستان ٹیم سکواڈ نے سنیریو بیس میچ کھیلا جبکہ جنوبی افریقہٹیم سکواڈ نے باؤنڈری کے باہر نیٹس میں ٹریننگ کی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹی ٹونٹی ٹیموں کے سکواڈ گزشتہ تین روز سے قذافی سٹیڈیم کی فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے وارم اپ ڈرلز کے بعد سنیریو بیس میچ کھیلا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور دیگر کوچز کی ٹیسٹ میچ میں مصروفیت کی وجہ سے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز بریڈ برن، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے مختلف ٹارگٹ کے ساتھ بیٹنگ اور باؤلنگ کی۔دوسری جانب جنوبی افریقہ سکواڈ نے وارم ڈرلز کے بعد باؤنڈری کے بعد نیٹس میں بیٹنگ اور باؤلنگ کی پریکٹس کی۔