لاہور(احتشام الحق) پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم نے بنگلہ دیش کو سیریز میں شکست دے کر فی الوقت اپنی عالمی رینکنگ کی پہلی پوزیشن کو بچا لیا ہے جس پر نہ صرف کپتان بابر اعظم بلکہ ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت پوری ٹیم مینجمنٹ نے سکھ کا سانس لیا ہے جبکہ پی سی بی مینجمنٹ کو بھی ناقدین کی تنقید سے چھٹکا را مل گیا۔ دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی اداروں کی بہترین حکمت عملی اور اقدامات نے نہ صرف پے درپے کامیاب کرکٹ سیریز کرانے کے خواب کو تعبیر بخشی ہے بلکہ اب پاکستان کا دورہ کرنے والے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا اعتماد بھی بحال ہو گیا ہے جس کے بعد توقع ہے کہ اب پاکستان میں تمام کھیلوں کے انٹرنیشنل مقابلے کسی تعطل کے بغیر منعقد کرائے جا سکیں گے ۔سری لنکا کے 2009میں ٹیسٹ سیریز کے لئے دورہ پاکستان کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے مہمان ٹیم پر راکٹ لانچرز اور جدید اسلحہ سے فائرنگ کے نتیجہ میں نو سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو یو اے ای میں کھیلنا پڑیں اور کئی کھلاڑی اپنے ملک میں کھیلے بغیر ہی ریٹائر ہو گئے ۔