اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ایئرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، وزیراعظم کے قائم کردہ سٹیزن پورٹل میں شکایتوں کی بھرمار ہو گئی، ایئرپورٹ منیجرسے وضاحت طلب کرلی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر آنے والے مسافروں کو مختلف مراحل میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں نے وزیراعظم کے قائم کردہ سٹیزن پورٹل پر شکایتوں کے انبار لگادیئے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل نے مسافروں کی شکایت کا نوٹس لے لیا ہے ، مذکورہ شکایات پر اسلام آباد ایئرپورٹ منیجرسے وضاحت بھی طلب کرلی گئی۔سٹیزن پورٹل ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر14 میں سے 12شکایات اسلام آباد ایئرپورٹ کے خلاف موصول ہوئیں، مینوئل کے مطابق شکایات کا جواب اور حل21روز میں بھی نہیں دیا گیا۔اٹھارہ روز گزرنے کے باوجود ایئرپورٹ منیجر سمیت متعلقہ عملہ صحیح طریقے سے کام نہیں کررہا، سٹیزن پورٹل انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ شہریوں کی شکایات اور اسکے حل کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے ۔