لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے ایونٹس کیلنڈر کے کامیاب انعقاد پر شعبہ ہائی پرفارمنس کو سراہا ، کورونا وائرس کی عالمی وباء کے ان غیرمعمولی حالات کے باوجود سیزن کے کامیاب انعقاد نے انٹرنیشنل ہوم کرکٹ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کو منعقد کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔احسان مانی جوآئی سی سی کی بااثر فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں نے کورونا وائرس کے ان غیرمعمولی حالات میں ڈومیسٹک کرکٹ کے انعقاد سے معاشی حالات میں بہتری پر بھی روشنی ڈالی ہے ۔30 ستمبر 2020 سے شروع ہونے والا ڈومیسٹک سیزن 21-2020 نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون سے شروع ہوا۔ سیزن کا اختتام 23 فروری 2021کو کھیلے گئے نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوا۔30 ستمبر سے 23 فروری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں شعبہ ہائی پرفارمنس نے دیگر شعبہ جات کی معاونت سے کْل 9 ٹورنامنٹس کے 220 میچز کا کامیاب انعقاد کیا۔ شعبہ ہائی پرفارمنس نے جہاں ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں منعقد کیں تو وہیں انہوں نے روزگار کے مواقع بڑھانے میں بھی اپنا حصہ ڈالا۔ سیزن بھر کرکٹ کھیلنے والے ان کرکٹرز نے 2.5 ملین سے لے کر 3.8ملین روپے تک معاوضہ کمایا۔ چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ 9 ایونٹس پر مشتمل 220 میچوں کا کامیاب انعقاد شعبہ ہائی پرفارمنس کا قابل قدر کارنامہ ہے ۔