لاہور ،فیصل آباد،کراچی ،ملتان (کامرس رپورٹر ، نیوز رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ،نیوز ایجنسیاں )سیلز ٹیکس کے طریقہ کار میں تبدیلی پر تاجروں نے ہڑتال کر دی، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملوں کی تالہ بندی کر دی گئی،شوگر ڈیلرز نے سیلز ٹیکس کے طریقہ کار میں تبدیلی پر ملوں سے چینی نہ لینے کا اعلان کر دیا، سیمنٹ ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے بھی فیکٹریوں سے سیمنٹ نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ،حکومت نے بجلی کی قیمت میں 75پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا، 569 اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھنے سے موبائل ،گاڑیاں ،اسلحہ ،جیولری اور پرفیوم سب مہنگے ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبر میں چیئرمین چوہدری منیر، عبدالمجید شیخ، سمیع الدین اور آصف سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مطالبات کی منظوری تک سیمنٹ نہیں اٹھائیں گے ۔ صدر آل پاکستان سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن آصف سعید کا کہنا ہے کہ کل سے کاروبار بند کر دیا ہے کوئی سیمنٹ خریدے گا اور نہ بیچے گا۔ سیمنٹ کی فی بوری قیمت میں اضافہ ہو گیا ۔92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن عامر وحید نے کہا کہ اتنامنافع نہیں ہے جتنا ٹیکس بڑھادیا گیا،مطالبات نہ مانے گئے تو چینی نہیں خریدیں گے ۔ ٹیکسٹائل پروسیسنگ فیکٹریوں میں کپڑا ڈائنگ اور پرنٹنگ کیلئے نہ بھجوائے جانے کے باعث فیصل آباد کی بیشتر ڈائنگ پرنٹنگ فیکٹریاں بند ہوگئیں۔سیکرٹری اپٹپما محمد اشرف نے کہا ہے کہ پروسیسنگ ملز کی بندش سے ہزاروں مزدور بے روز گار ہوجائیں گے ، وزیراعظم سیلز ٹیکس کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔اپٹما کے ترجمان رانا سجاد نے کہا کہ ان سے ملحقہ انڈسٹری کے لوگ ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن حکومت انکی مشاورت سے ٹیکس لاگو کرے ۔قومی مالیاتی بل 2019-20صدر مملکت کے دستخط کے بعد نافذ عمل ہوگیا۔ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد فنانس بل کو ایوان صدر بھیجا گیا تھا۔حکومت نے بجلی کی قیمت میں 75پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ،پاور ڈویژن نے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔سی این جی کی قیمت میں اضافے کے خلاف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے آج سے ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ۔کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ سی این جی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد بسیں چلانا ممکن نہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کرے ۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں ایڈہاک اضافہ کا اطلاق رواں ماہ جولائی2019سے ہو گا۔وفاقی حکومت نے 569اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی ہے ،اب موبائل فون،گاڑی ،اسلحہ ،جیولری اور پرفیوم سب مہنگا ملے گا۔ ایف بی آرنے درآمدی اشیاء پراضافی ڈیوٹی وصول کرنا شروع کردی ۔ریلوے ملازمین نے مہنگائی ،بجٹ کیخلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں ریلوے لوکو ورکشاپ لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ نوشہرہ رسالپور اور مردان میں ماربل انڈسٹریز کے کارخانہ داروں نے جی ایس ٹی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے مین جی ٹی روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رکھا۔فیصل آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل سائزنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے آرمی چیف سے ٹیکسٹائل کی مکمل چین کو رجسٹرڈ کرنے تک سیلز ٹیکس وصولی کا فیصلہ موخر کرانے کی اپیل کردی ۔ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چیئرمین میاں زاہد رشید ، سابق چیئرمین شکیل انصاری ، سینئر وائس چیئرمین حاجی طالب حسین رانا ، ملک مظہر ودیگر عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں پورے سیکٹروں کو شامل کئے بغیر ہی حکومت نے عجلت میں فیصلہ کرلیا ، ہوم ورک کے بغیر ٹیکسٹائل ویلیو چین سے سیلز ٹیکس وصولی کی گئی تو مجموعی طورپر 153 فیصد تک سیلز ٹیکس جمع کروانا پڑے گا جس سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔