برمنگھم(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کی کرکٹ ٹیم بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں میچ (آج) بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر برمنگھم میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے لئے اب میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل میچ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور اب پاکستان کو ٹائٹل کے حصول کے لئے فائنل میچ سمیت ہر میچ جیتنا ضروری ہوگیا ہے ۔میچ میں شرکت کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں برمنگھم پہنچ چکی ہیں۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے ۔ شاہین (آج) بدھ کو انتہائی اہم میچ میں کیویز کے خلاف نبردآزما ہونگے ۔کیویز ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے ، کیویز ٹیم نے میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیلے ہیں اور پانچ میچز جیت کر کیویز ٹیم سب سے زیادہ 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سر فہرست ہے ۔دوسری جانب پاکستان کی ٹیم نے بھی اب تک چھ میچز کھیل لئے ہیں وہ دو میچز میں کامیابی حاصل کرسکی ہے جبکہ اس کو تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ گرین شرٹس 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے ۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے آج کے میچ سمیت اپنے تینوں میچوں میں فتح حاصل کرنا ہوگی، قومی ٹیم کا 29 جون کو افغانستان جبکہ 5 جولائی کا بنگلہ دیش سے سامنا ہوگا۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ کے 33ویں میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔