اسلام آباد( خصوصی نیوز رپورٹر)سینٹ کو بتایا گیاہے کہ امریکہ میں پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کی آمدن کم ہے تاہم اسے فروخت نہیں کیا جا رہا،ملک میں جلد موبائل فون تیار کئے جائینگے جبکہ واٹس ایپ کی متبادل ایپ بھی تیار کی جا رہی ہے ۔ سینٹ اجلاس کی صدارت چیئرمین صادق سنجرانی نے کی۔وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے تحریری جواب میں بتایا کہ امریکہ میں موجود روز ویلٹ ہوٹل کو فروخت نہیں کیا جا رہا،روز ویلٹ ہوٹل 18 دسمبر سے بند ہے ۔وزیرآئی ٹی امین الحق نے بتایا کہ بہت جلد موبائل فونز کی مینوفیکچرنگ و اسمبلنگ ہوگی۔سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل اسوقت غیر فعال ہے ۔آئین کا تقاضا ہے کہ اسکی تشکیل نو ہو۔ توجہ دلائو نوٹس پروزیرمملکت علی محمد خان نے اسے واچ ڈاگ کہا تو رضا ربانی نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہا یہ وزیرکی سلپ آف ٹنگ ہے ،کوئی ادارہ پارلیمنٹ کا واچ ڈاگ نہیں ہو سکتا، آئین کی رو سے پارلیمنٹ واچ ڈاگ ہے ۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے پارٹی فنڈنگ کی رسیدیں نہیں دکھائیں۔منی لانڈرنگ کیلئے پارٹی فنڈز کو استعمال کیا گیا ،چھ ہفتے گزر کئے ، احتجاج بھی کر دیا لیکن رسیدیں دکھانا پڑیں گی۔انہوں نے بتایا سابقہ حکومت نے پی آئی اے سمیت 41اداروں کو نجکاری فہرست میں ڈالا۔ہمارا جہاز سابقہ دور میں چوری ہوا جو جرمنی سے ملا۔گروی رکھنے کی باتیں کرنیوالے سن لیں انہوں نے اب رکھا ہی کیا ہے ۔مراد سعید کی لمبی تقریر پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور کہا کہ وہ بور ہو رہے ہیں۔ صدر مملکت کی تقریر پربحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر گل بشریٰ نے کہاکہ صدر کی تقریر الفاظ کا گورکھ دھندہ تھا۔مشیر وزیراعظم بابر اعوان نے صدر کے خطاب پر شکریئے کی تحریک ایوان میں پیش کی۔بعدازاں سینٹ اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا۔