اسلام آباد(خبر نگار خصوصی،وقائع نگار،وقائع نگار خصوصی)سینٹ قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انسانی اعضاء کی پیوندکاری کا ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، بل کے مطابق رضاکارانہ طور پر بعد از مرگ اعضاء عطیہ کرنے والے شخص کے شناختی کارڈ پر سرخ حرف میں"آرگن ڈونر" کے الفاظ تحریر کئے جائیں گے ۔ بل سینیٹر عتیق شیخ کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس چیئرمین عتیق شیخ کی زیرصدارت ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں جعلی کلینکس اور جعلی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کے معاملے پر طلب کرنے پر کمشنر اور آئی جی پولیس اسلام آباد اجلاس میں نہ آئے جس پر کمیٹی نے اظہار برہمی کیا۔سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ اسلام آباد کے ہسپتالوں کیلئے جو ادویات خریدی جاتی ہیں انکے معیار اور قیمتوں پر تحفظات ہیں،وزیر صحت عامر کیانی نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں مکمل پیش رفت رپورٹ پیش کرینگے ۔ادھر سینٹ قائمہ کمیٹی پوسٹل سروسز نے پاکستان پوسٹ کی ملکیتی اراضی ،کوارٹرز اوردفاتر پر قبضوں کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی چھان بین کیلئے سب کمیٹی تشکیل دیدی ۔ سینیٹر حاصل بزنجو نے تجویز پیش کی کہ چیف جسٹس ڈیمز فنڈز سے بڑے منصوبوں کی بجائے بلوچستان میں مجوزہ چھوٹے ڈیموں کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا ئے ۔ چیئرمین واپڈاجنرل (ر) مزمل حسین نے بتایا کہ نولانگ ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹ بلوچستان کی سابق حکومت ہے ۔ سیکرٹری آبی وسائل نے بتایا کہ بلوچستان میں پانی کے 83 منصوبے منظور کیے گئے ، ان پر 77ارب لاگت آئے گی۔رواں سال ان منصوبوں کیلئے 6ارب رکھے گئے ، ایسی صورتحال میں منصوبے 30سال میں مکمل ہوں گے ۔دریں اثناء سینٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پی ٹی سی ایل پنشنرز کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 2 جنوری تک رپورٹ طلب کرلی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت ہوا۔ پی ٹی سی ایل پنشنرز کے وکیل نے بتایاکہ سپریم کورٹ نے ہدایات دی ہیں کہ پی ٹی سی ایل پنشنرز کی پنشن تمام اداروں کے برابر ہوگی، وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے یقین دہانی کروائی کہ پنشنرز کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے ۔ادھرخصوصی کمیٹی کوچیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ 2016-17 میں تمباکو سیکٹر سے ٹیکس 111 ارب سے کم ہو کر 74 ارب وصول ہوا جسکی وجہ سگریٹ سٹک کی پیداوار میں کمی سے سیلز ٹیکس کی کم وصولی ہے ۔ کنوینر کمیٹی نے تمباکو امپورٹ ڈیوٹی بڑھانے اورایکسپورٹ پر ٹیکس کے میکنزم کا جائزہ لینے کی سفارش کی۔