اسلام آباد(لیڈی رپورٹر) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے موثر قانون سازی اور بہتر حکومتی نظام کار کیلئے کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹیوں میں عوامی اہمیت اور ملکی و بین الاقوامی نوعیت کے مسائل زیر بحث آتے ہیں جس کیلئے موجودہ قواعدو ضوابط کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔ جہاں ضروری ہوا وہاں ترامیم کے ذریعے قواعد کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ کمیٹیوں کے چیئرپرسنز کی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ کمیٹیاں پارلیمان کے اہم فورمزہیں اور انہیں زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانیکی ضرورت ہے ۔ وزرا اور سرکاری افسران کمیٹیوں میں حاضری کو یقینی بنائیں اورضروری دستاویزات بر وقت فراہم کریں۔ چیئرمین سینٹ نے سینیٹر فاروق نائیک، جاوید عباسی، مصطفی نواز کھوکھر، ولید اقبال اور بیرسٹر محمد علی سیف پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو کمیٹیوں سے متعلق موجودہ قواعد و ضوابط کا جائزہ لے گی اور ضروری ترامیم کیلئے سفارشات مرتب کریگی ۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا،قائد ایوان شبلی فراز اور قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے بھی ایوان بالا کی کمیٹیوں کو مزید با اختیار بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں قائمہ و دیگر کمیٹیوں کے چیئر پرسنز نے شرکت کی اور تجاویز دیں۔