لاہور(سٹاف رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف نے ساہیوال میں کارسوارفیملی پرفائرنگ کی مذمت کردی۔شہباز شریف نے کہاہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے ،پنجاب حکومت اعلیٰ سطح تحقیقات کرائے تاکہ اصل محرکات کا پتا چل سکے ،ایسے واقعات عوام کا پولیس پراعتماد متزلزل کردیتے ہیں،پولیس نظام کو بہتربنانے پرتوجہ دی جائے ،ذمے داروں کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ساہیوال فائرنگ واقعہ اندوہناک اور بربریت کی بدترین مثال ہے ،حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے ، تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے ۔پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بیوی اور بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے شخص کو دہشتگرد قرار دے کر مار دینا کہاں کا قانون ہے ،اگر کار میں کوئی مطلوب سوار تھے تب بھی بچوں اور عورتوں کا تو خیال رکھا جاتا،سی ٹی ڈی، پولیس اور انتظامیہ کے بیانات میں تضادات نے پولیس گردی کاپول کھول دیا ۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہاں ہیں ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار ، کہاں گیا ان کا انصاف اور قانون؟امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ قابل مذمت ہے ،مہذب اور جمہوری معاشرے میں اس طرح لوگوں کو قتل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ،چیف جسٹس کو واقعہ کا نوٹس لینا چاہئے ۔