کراچی ( کامرس رپورٹر، نیٹ نیوز) ملک کے معاشی میدان سے اچھی خبروں کا اثر پاکستان سٹاک ایکسچینج پر بھی پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں بدھ کو ایک دن میں سب سے زیادہ حصص کی خرید و فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے ،ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک روزہ کاروباری حجم 131 فیصد کے اضافے سے ایک ارب 56 کروڑ 33 لاکھ 60 ہزار 922 حصص کے سودوں پر مشتمل رہا جبکہ اس سے قبل 11 فروری 2021 کو ایک ارب 12کروڑ حصص کے سودے ریکارڈ کیے گئے تھے ۔بدھ کو تاریخ میں پہلی بار 84 فیصد شیئرز کی ٹریڈنگ ریکارڈ کی گئی ،تیزی کے باعث 67.13 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں ، سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں کی سرمایہ کاری دلچسپی بڑھنے سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی اور ایک موقع پر 555 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 511.65 پوائنٹس کے اضافے سے 46812.31پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 228.66 پوائنٹس کے اضافے سے 19126.85 پوائنٹس پر بند ہوا۔بدھ کو کاروباری حجم منگل کی نسبت131 فیصد زائد رہا ،کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 423 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 284کے بھاؤ میں اضافہ، 125 کے داموں میں کمی اور 14کی قیمتوں میں استحکام رہا، سٹاک ایکس چینج میں مسلسل تیسرے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت85ارب 36کروڑ19لاکھ روپے بڑھ گئی جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 2850روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ12ہزار750روپے کی بلندسطح پر پہنچ گیا ۔ دس گرام سونے کی قیمت2443روپے کے اضافے سے 96ہزار665روپے ہوگئی ، انٹر بینک میں ڈالر مزید 35پیسے کے اضافے سے 154.85روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں30پیسے مہنگا ہوکر 155.10روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید50پیسے کے اضافے سے 188روپے سے بڑھ کر188.50روپے اور قیمت فروخت189روپے سے بڑھ کر190روپے ہوگئی ، برطانوی پونڈ کی قیمت خرید ایک روپے کے اضافے سے 217.50روپے سے بڑھ کر218.50روپے اور قیمت فروخت219روپے سے بڑھ کر220روپے ہوگئی۔