اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) متحد ہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے حکمران امریکہ اور عالمی قوتوں کی غلامی پر مجبور ہیں، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کا منافقانہ اور اسلام دشمن رویہ دنیا میں امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،اسلامی ممالک کو اپنا سرمایہ اور دشمن کے خلاف اپنے ہتھیار استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں،پاکستان میں ایک سازش کے ذریعے لبرل اور سیکولر سوچ کے لوگوں کو مسلط کیاجا رہا ہے ،جب تک ہمیں اپنے آئین اور قانون کے مطابق حکمرانی کا موقع نہیں ملتا ملک میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 53-54 اسلام آباد سے ایم ایم کے امیدوار سابق ایم این اے میاں محمد اسلم کی طرف سے کراچی کمپنی گراؤنڈ میں منعقدہ گرینڈ فیملی عید ملن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور میاں محمد اسلم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پیر اعجاز ہاشمی اور ایم ایم اے کے دیگر مرکزی قائد ین بھی موجود تھے ۔فضل الرحمن نے کہا کشمیر فلسطین اور شام میں مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے ،پل بھر میں سینکڑوں مسلمان شہید کردیئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر بے حیائی کا کلچر پھیلایا جارہا ہے ،ایم ایم اے ان تمام سازشوں سے پوری طرح باخبر ہے اور عوام کی طاقت سے ان کو ناکام بنائے گی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا قوم کو حقیقی عید اس دن نصیب ہوگی جس دن ملک میں حقیقی جمہوریت آئے گی اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوگی، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ جس پارلیمنٹ کے ماتھے پر کلمہ طیبہ لکھا ہوا ہے اس میں چور لٹیرے اور بدیانت لوگ بیٹھے ہیں،یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے قوم کو جہالت ،غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کی دلدل میں دھکیلا ہے ،جن لٹیروں نے قومی اداروں کو تباہ کیا وہی آج جھنڈے اور پارٹیاں بدل کر دوبارہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوناچاہتے ہیں ،قوم سچائی اور جھوٹ میں تمیز کرے اور ووٹ کی قوت سے ان کرپٹ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں سے نجات حاصل کرے ۔ انہوں نے کہا کرپٹ قیادت کو صرف لوٹ مار کرنا آتی ہے قومی ترقی کا کوئی وژن نہیں،ان کی داخلہ و خارجہ پالیسیاں اور معاشی منصوبہ بندی بری طرح نا کام ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہیں اور جنہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے وہ اقتدار کے ایوانوں پر مسلط ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر ان لیٹروں سے ایک ایک پائی کاحساب کرے گی، ہم کشمیر کی آزادی کا واضح روڈ میپ دیں گے ،آزادخارجہ پالیسی بنائیں گے اور سودی معیشت ختم کرکے زکوۃ کا پاکیزہ نظام دیں گے ،بے روزگاروں اور ضعیفوں کو الاؤنس دیں گے ،تعلیم کا یکساں نظام اور علاج سب کے لیے مفت ہوگا ، پورے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ، لبرل اور سیکولر سیاست کیلئے ایم ایم اے موت کا پیغام ہے ۔میاں محمد اسلم نے کہا متحدہ مجلس عمل کی قیادت ہی قومی قیادت ہے ،25جولائی کو کامیابی کے بعد انشاء اﷲ اسلام آباد کو نہ صرف پاکستا ن بلکہ دنیاکا خوبصورت شہر بنائیں گے ۔