اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کہا اس وقت ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا سیاسی مفاد سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے ۔رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کی جانب سے وزیر اعظم کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چودھری شجاعت کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ شہباز شریف نے چودھری شجاعت کو بیٹے سالک حسین کے وفاقی وزیربننے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر چودھری شجاعت نے کہا بزرگوں نے جو درس دیا، وہی نوجوانوں کو دیا ہے ، رواداری اور وضع داری ہمارا شیوہ ہے ، ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے ۔انہوں نے کہا چیلنجز پر قابو پانا ترجیح ہے ، ق لیگ کے دونوں وزرا ملکی سلامتی پرکوئی سودے بازی نہیں کریں گے جب کہ سالک حسین کو ہدایت کی ہے کہ تکبر اور منافقت سے بچیں۔ شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رکن قومی اسمبلی سالک حسین نے ان کی اجازت سے ہی شہباز شریف کو ووٹ دیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے بلوچستان میں اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں سے زیادہ پرفروخت اورفراہمی کے فقدان پرشدید برہمی کااظہارکیا اور وفاقی وزیرصنعت اورنیشنل فوڈسکیورٹی کوبلوچستان پہنچنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کہااشیائے ضروریہ کی مقررکردہ سرکاری نرخ سے زیادہ پرفروخت کرناایک جرم ہے ۔مزیدبرآں وزیر اعظم کی یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ یورپی کمیشن کی صدر نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کمیشن کی پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش پر زور دیا۔ وزیراعظم نے مبارکباد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ اقدار اور امن، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو وسعت دینے ، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو تیز کرنے اور مختلف شعبوں میں دونوں فریقوں کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے رابطے میں رہنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔