کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) سائبر سکیورٹی اور جھوٹی خبروں و اطلاعات کے ماہرین نے کہا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے پیغام آگے بھیجنے کے آپشن محدود کرنے سے جعلی خبروں، غلط اطلاعات اور افواہوں کے پھیلنے میں کمی ہوئی ہے لیکن مزید اقدامات کی اشد ضرورت ہے ۔ واٹس ایپ نے رضاکارانہ طور پر اس سال جنوری میں ایک پیغام 20 افراد تک بھیجنے کے آپشن کو مزید کم کرکے صرف 5 افراد تک محدود کردیا تھا۔ اس سے پہلے واٹس ایپ صارفین ایک میسج 256 افراد کو بھیج سکتے تھے جسے محدود کرکے 20 کیا گیا اور اس کے بعد مزید 5 تک محدود کردیا گیا۔ برازیل اور بھارت میں واٹس ایپ کو بڑے پیمانے پر الیکشن پر اثرانداز ہونے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ اس کے بعد فیس بک اور ٹوئٹر کے ساتھ ساتھ خود واٹس ایپ پر بھی افواہ سازی میں مدد کے کئی الزامات لگے تھے لیکن سائبر ماہرین کے مطابق ٹوئٹر ٹرینڈ اور فیس بک کے مقابلے میں واٹس ایپ میسجنگ انفرادی طور پر لوگوں کے درمیان ہوتی ہے جس پر گرفت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔