انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن(آئیبا) نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے دونوں دھڑوں کے انتخابات کو تسلیم نہ کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو معطل کر کے اپنے زیر انتظام اتخابات کرانے کے لئے ایڈہاک کمیٹی بنا دی ہے۔پاکستان میں بعض دیگر کھیلوں کی طرح باکسنگ کے کھیل کا حال پہلے ہی بہت پتلا تھا اور گروپ بازی اور دھڑے بندیوں نے اس کا مزید بیڑا غرق کر دیا ہے۔ پی بی ایف کی آئیبا سے معطلی بپاکستان میں کھیلوں کے شعبہ کے لئے ایک سانحہ ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان میںباکسنگ کے کھیل کے لئے دیے جانے والے آئیبا کے فنڈز متاثر ہوں گے بلکہ اس سے ملک میں باکسنگ کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔پاکستان میں دھڑے بندیوں کے باعث ہی فٹ بال،باڈی بلڈنگ،کشتی اورہاکی جیسے کھیل تباہی سے ہمکنار ہوئے حتیٰ کہ کرکٹ کا کھیل بھی دھڑے بندیوں کا شکار ہوتا رہا ہے۔ پاکستان میں باکسنگ کے حوالے سے کافی ٹیلنٹ موجود ہے۔ حسین شاہ ‘ محمد وسیم اور اسرار حسین جیسے کھلاڑیوں نے کئی عالمی مقابلوں میں تمغے حاصل کئے اور ملک کا نام روشن کیا۔ ایک تو سرکاری سطح پر باکسنگ کے کھیل پر توجہ نہیں دی جا رہی دوسری جانب دھڑے بندیوں سے ملک کو بدنام اور کھیل کی ساکھ خراب کی جا رہی ہے۔ موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ آئیبا کے زیر انتظام انتخابات کے ذریعے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے عہدیداروں کا چنائو کیا جائے تاکہ دھڑے بندیوں کے رجحان کا خاتمہ ہو سکے۔