اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان میں کورونا کے دوران ہمارا مقابلہ ایک ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی کسی جمہوری جدوجہد سے نہیں گزری ۔وزیراعظم نے اپنے ٹویٹس میں لکھا کہ ہماری سیاسی قیادت عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے ۔ سیاسی قیادت نے عام شہریوں کی بہتری کیلئے کسی بھی اہم کام میں کبھی حصہ نہیں لیا۔ اِن "قائدین" کو عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں، انہوں نے قومی دولت لوٹ کر عوام کو مزید غریب بنایا۔ اپوزیشن کے نام نہاد’’ لیڈر‘‘بڑے محلوں میں شاہانہ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اپوزیشن رہنمائوں کو یہ منصب بھی خاندان سے وراثت میں ملا ہے ۔ اپنے خاندانوں کیلئے لوٹی دولت بچانا ان کا واحد مایوس کن مقصد ہے ۔ ہم نے غریبوں اور معیشت کو تباہی سے بچانے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون کیا تھا لیکن انہوں نے سمارٹ لاک ڈائون کی مخالفت کی اورمکمل لاک ڈائون کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب دوبارہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ جلسے کر رہے ہیں۔ یہ عوام کی زندگی اور تحفظ کا خیال کیے بغیر جلسے کرنا چاہتے ہیں۔این آر او حاصل کرنے کیلئے یہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں این آر او کیلئے ہم پر دباؤ ڈالنے کا یہ آخری موقع ہے ، لیکن یہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ اسلام آباد(92نیوزرپورٹ)وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی،وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا ،آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ،ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان ،نیول چیف ایڈمرل محمدامجدخان نیازی،چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحرشمشاد مرزا بھی وزیراعظم کیساتھ تھے ۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدنے شرکا ء کااستقبال کیا۔ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس بھی ہوا۔اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیاگیا۔وزیراعظم نے قومی سلامتی کودرپیش چیلنجزکیخلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔