اسلام آباد (خبرنگار) شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف دائر اپیل میں شاہ رخ جتوئی کی عمر قید اور جرمانے کی سزا کو چیلنج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی استدعاکی گئی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دو افراد کے ذاتی جھگڑے پر دہشتگردی کی دفعات عائد نہیں ہو سکتیں لیکن اس مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات شامل کردی گئیں ۔ اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ قتل اور دہشتگردی کے درمیان فرق کرنے میں ناکام رہی جبکہ سپریم کورٹ اپنے متعدد فیصلوں میں یہ قرار دے چکی ہے کہ ہر قتل دہشتگردی نہیں ہوتا۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزائے موت دی تھی لیکن ہائی کورٹ نے سزاکم کرکے عمر قید میں تبدیل کر دی۔ یاد رہے 25دسمبر2012کوسندھ کے بااثرخاندان سے تعلق رکھنے والے شاہ رخ جتوئی نے کراچی میں شاہ زیب نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ واقعہ کاچیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا تھا جسکے بعد ٹرائل کورٹ میں کیس چلا اور ملزم کو سزا سنائی گئی۔