ریاض (رائٹرز؍92 نیوزرپورٹ)وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کی ہیں۔شاہ سلمان سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،علاقائی،عالمی سیاسی صورتحال،تجارت،سرمایہ کاری اوراقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کومزیدبڑھانے پراتفاق کیا۔وزیراعظم نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تنصیبات پرحملہ عالمی معیشت کیلئے بڑاخطرہ ہے ۔وزیراعظم نے سعودی فرمانروا کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔سعودی فرمانروا نے مسئلہ کشمیرپردیرینہ حمایت اوریکجہتی کااعادہ کیا۔ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی،مشیرخزانہ حفیظ شیخ بھی موجودتھے ۔وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراوردوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہدکوکشمیرکی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی تیل تنصیبات پرحملے کی مذمت کی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے ملاقات میں آئل تنصیبات پر حملوں کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔آن لائن کے مطابق سعودی فرمانروا نے کہا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ عمران خان نے کہا پاکستان حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کو خطرہ لاحق ہونے کی صورت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانیوں نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا میرا مقصد اقوام متحدہ جانے سے پہلے سعودی لیڈرشپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا ہم نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاک سعودی تعلقات ایک نئے سطح پر پہنچ گئے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔انہوں نے کہاکشمیر ایک بین الاقوامی ایشو بن گیاہے اور پوری دنیا ہمارے بیانیے کو مان گئی ہے ،او آئی سی نے ہماری حمایت کی۔وزیراعظم نے کہاکشمیرکیلئے دنیاکے ہرفورم پرلڑیں گے ،بھارت کشمیرپرزبردستی اپناتسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے کہا ہمیں قرضوں کے بوجھ میں دبی معیشت ورثے میں ملی، ہر شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں، کافی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا رہا۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے قانونی اصلاحات لا رہے ہیں تاکہ ان کے سرمایہ کو تحفظ حاصل ہو۔ اس سے پہلے وزیر اعظم سعودی عرب کے دو روزہ دورہ پرپہنچے تو جدہ کے رائل ٹرمینل پر مکہ کے گورنر خالد الفیصل بن عبد العزیز نے انکا استقبال کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کابینہ ارکان کے ہمراہ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے ۔ وزیراعظم آج سعودی عرب سے امریکہ روانہ ہونگے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی 18ملاقاتوں کا شیڈول تیارکرلیاگیا،وزیراعظم مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات کرینگے ،ٹرمپ سے ملاقات بھی طے ہوگئی ہے ۔ وزیراعظم ورلڈ بینک کے صدر اور سافٹ ویئرکمپنی کے سربراہ بل گیٹس سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔